پنجاب کے ضلع اوکاڑہ میں کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے القاعدہ سے وابستہ ایک مشتبہ دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی جس میں سیکیورٹی اہلکاروں نے ہدف کو گھیرے میں لے کر حراست میں لیا۔ آپریشن کے دوران ملزم کے قبضے سے دو کلوگرام سے زائد بارودی مواد، ڈیٹونیٹرز، بال بیرنگز اور دیگر خطرناک اشیاء برآمد ہوئیں جو دیسی ساختہ بم (IEDs) تیار کرنے میں استعمال کی جاتی ہیں۔ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار شخص کا تعلق القاعدہ کے ایک فعال نیٹ ورک سے بتایا جا رہا ہے جو ملک کے مختلف حصوں میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے کے منصوبے بنا رہا تھا۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سے تفتیش جاری ہے اور مزید گرفتاریوں کے لیے ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپے مارنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق تحقیقات میں اس بات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ بارودی مواد اور آلات کن ذرائع سے فراہم کیے گئے اور ان کا مقصد کیا تھا۔سی ٹی ڈی نے گرفتار ملزم کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، جب کہ تفتیشی ٹیم نے مشتبہ نیٹ ورک کے دیگر ارکان کو ٹریس کرنے کے لیے کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔حکام کے مطابق یہ کارروائی صوبے میں دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر کی جانے والی انسدادِ دہشت گردی مہم کا حصہ ہے۔











