پنجاب کے شہر لاہور میں دہشت گردی کے خطرے کو ناکام بناتے ہوئے، سی ٹی ڈی (کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ) نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں سے 20 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ ان دہشت گردوں میں دو انتہائی خطرناک فتنہ الخوارج بھی شامل ہیں۔

سی ٹی ڈی پنجاب نے مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران لاہور اور پنجاب کے دیگر مختلف شہروں میں کامیاب کارروائیاں کیں۔ سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق، یہ کارروائیاں پنجاب کے 162 مختلف علاقوں میں کی گئیں، جن میں لاہور، فیصل آباد، خانیوال، بہاول نگر، راولپنڈی، چنیوٹ، میانوالی، ساہیوال، شیخوپورہ، سیالکوٹ، بہاولپور اور حافظ آباد شامل ہیں۔ ترجمان سی ٹی ڈی نے مزید بتایا کہ لاہور سے فتنہ الخوارج کے دو ارکان کو گرفتار کیا گیا، جن کا تعلق انتہائی خطرناک دہشت گرد تنظیم سے تھا۔ علاوہ ازیں، راولپنڈی سے ایک اور دہشت گرد منموہن سنگھ کو گرفتار کیا گیا، جس کا تعلق رحیم یار خان سے ہے۔

سی ٹی ڈی نے کارروائی کے دوران دہشت گردوں سے مختلف اقسام کا اسلحہ اور مواد برآمد کیا، جس میں دھماکہ خیز مواد، 3 آئی ای ڈی بم، 23 ڈیٹونیٹرز، 61 فٹ حفاظتی فیوز تار، متنازعہ پمفلٹس، نقدی اور موبائل فون شامل ہیں۔ ہشت گردوں کی شناخت صالح رضا، محمد ریاض، ابوبکر، بوال خان، محمد یونس، عثمان اور منموہن سنگھ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ سی ٹی ڈی کی جانب سے رواں ہفتے میں 2231 کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے، جن کے دوران 495 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ان آپریشنز میں 87 ہزار 565 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی، جن میں سے متعدد افراد کا تعلق دہشت گردی کے نیٹ ورک سے تھا۔

یہ کارروائیاں پنجاب بھر میں دہشت گردی کے خطرات کو روکنے اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ سی ٹی ڈی کی اس کامیاب کارروائی نے لاہور کو ایک بڑی تباہی سے بچا لیا اور دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو ایک بڑا دھچکا پہنچایا۔

Shares: