پولیس نے سوات کے کبل تھانہ سی ٹی ڈی میں دھماکے کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی-

باغی ٹی وی:پیر کی رات کو سوات کے علاقے کبل میں سی ٹی ڈی تھانے میں ہونے والے دھماکے سے سی ٹی ڈی کے 2 افسروں سمیت 15 اہلکار شہید ہوگئے جبکہ 57 زخمیوں میں سے 8 کی حالت تشویشناک ہے۔

پولیس رپورٹ کے مطابق تھانہ سی ٹی ڈی میں شارٹ سرکٹ سے دھماکا ہونے کا زیادہ امکان ہے ، باہر سے حملے کا ابھی تک کوئی ثبوت نہیں ملا، تھانے کے مال خانہ میں گولہ بارود کو آگ لگی، دھماکے کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب ڈی آئی جی سی ٹی ڈی خالد سہیل نے بتایا تھا کہ تھانہ کبل سوات میں خود کش دھماکا نہیں ہوا،تھانے پر نہ حملہ ہوا اور نہ ہی فائرنگ ہوئی ، دھماکا تھانے میں اسلحہ اور مارٹر گولے والی جگہ پر ہوا، دھماکا غفلت یا کسی اور وجہ سے ہوا اس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

بعد ازاں انہوں نے ایک اور بیان میں کہا کہ دھماکا سی ٹی ڈی کے پرانے آفس میں ہوا ہے، بظاہر خودکش یا دہشت گردی کا واقعہ نہیں لگ رہا ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کےمطابق دھماکےمیں سی ٹی ڈی کے 2 اہلکار اور 4 سویلین شہید ہوئے جبکہ دھماکے میں سی ٹی ڈی کے 18 اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں بم ڈسپوزل یونٹ کی ٹیمیں بھی تحقیقات کر رہی ہیں۔

Shares: