پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ہمراہ استنبول میں ترک صدر رجب طیب اردگان سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ اجلاس کے موقع پر ہوئی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ترک صدر کو وزیراعظم شہباز شریف کا خصوصی پیغام پہنچایا اور پاکستان و ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور وسیع کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات کے دوران اسحاق ڈار اور صدر اردگان نے ایران پر اسرائیلی حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور اسے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔

دونوں رہنماؤں نے ایران کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور دفاع کے حق کی حمایت کا اعادہ کیا اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی ذرائع استعمال کرنے پر اتفاق کیا۔نائب وزیراعظم اور ترک صدر نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ خطے میں امن و استحکام قائم کرنے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔

اس موقع پر غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے فوری خاتمے اور فلسطینیوں کو امداد کی بلارکاوٹ فراہمی پر بھی زور دیا گیا۔ اسحاق ڈار نے صدر اردگان کو اسلامی تعاون یوتھ فورم کی جانب سے قیادت کے اعتراف میں دیے گئے ایوارڈ اور او آئی سی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔

Shares: