صادق آباد(باغی ٹی وی ) کچے کے 20 سے زائد مسلح ڈاکوؤں کا مارکیٹ پر حملہ، لوٹ مار اور فائرنگ، ایک شخص اغوا
تفصیل کے مطابق صادق آباد کے علاقے نواز آباد مارکیٹ میں کچے کے علاقے سے تعلق رکھنے والے 20 سے زائد مسلح ڈاکوؤں نے حملہ کر دیا اور وہاں لوٹ مار شروع کر دی۔ ڈاکوؤں نے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا جب کہ مزاحمت کرنے پر فائرنگ کی جس سے دو دکاندار شدید زخمی ہو گئے۔ ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے بعد ایک گاڑی روک کر تین افراد کو اغوا کر لیا۔
اہل علاقہ نے ڈاکوؤں کا تعاقب کرتے ہوئے ان پر فائرنگ کی، جس سے ڈاکوؤں نے دو مغویوں کو چھوڑ دیا، تاہم ایک مغوی کو اپنے ساتھ کچے کے علاقے میں لے جانے میں کامیاب ہو گئے۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
زخمی دکانداروں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور علاقے میں بکتر بند گاڑیوں کے ذریعے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔