ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر):ڈیرہ غازی خان میں 25 دسمبر کو مسیحی برادری کے مذہبی تہوار کرسمس ڈے کے موقع پر ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کی جانب سے سینٹ اینتھونی یونائیٹڈ چرچ اور مسیحی قبرستان میں صفائی و ستھرائی کے مثالی انتظامات کیے گئے۔
چرچ، اس کے اطراف اور آنے جانے والے راستوں پر مکمل صفائی کے ساتھ پانی کا چھڑکاؤ اور چونا ڈالا گیا، تاکہ عبادات کے لیے آنے والے شہریوں کو کسی قسم کی دشواری یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور پرامن ماحول میں مذہبی رسومات ادا کی جا سکیں۔
بین المذاہب ہم آہنگی اور غیر مسلم برادری سے یکجہتی کے اظہار کے طور پر سینٹ اینتھونی یونائیٹڈ چرچ میں ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے افسران بالا کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ منیجر توفیق عادل، تحصیل منیجر عمر مجتبیٰ لغاری، پی آر او جواد اکبر بھٹی، سپروائزر ملک جمشید، ملک سراج اور ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے ورکرز نے مسیحی برادری کے ہمراہ کرسمس کیک کاٹ کر خوشیوں میں شرکت کی۔
اس موقع پر چرچ کے منتظمین اور مسیحی برادری کے نمائندوں نے ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کی ٹیم اور ضلعی انتظامیہ کا بھرپور شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے اقدامات کو قابلِ تحسین قرار دیا اور کہا کہ ایسے اقدامات معاشرے میں رواداری، ہم آہنگی اور باہمی احترام کو فروغ دیتے ہیں۔







