گھوٹکی (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ڈہرکی شہر کے قدیمی قبرستان میں گٹروں کا گندا پانی داخل ہونے سے قبروں کی بے حرمتی کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ ناقابلِ برداشت بدبو اور تعفن نے شہریوں کا جینا محال کر دیا ہے۔ محمد پناہ محلے سمیت مختلف آبادیوں سے بہنے والا سیوریج کا پانی قبرستان میں جمع ہو چکا ہے، جس سے قبرستان کا تقدس بری طرح پامال ہو رہا ہے۔

علاقہ مکینوں نے بتایا کہ کئی روز سے قبرستان کے اطراف میں سیوریج لائن ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، لیکن ٹاؤن کمیٹی کے متعلقہ عملے نے بارہا شکایات کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ قبروں کے اردگرد کیچڑ اور گندا پانی جمع ہونے سے نہ صرف آنے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے بلکہ بعض قبریں مکمل طور پر پانی میں ڈوب گئی ہیں، جس سے مردوں کے احترام کو سخت ٹھیس پہنچی ہے۔

شہریوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ قدیمی قبرستان ہے جہاں بزرگ، علما اور مختلف خاندانوں کے پیارے مدفون ہیں، مگر انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کے باعث اس مقدس مقام کی حالت زار دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ متعدد بار شکایات کے باوجود کسی افسر نے موقع پر آ کر حالات کا جائزہ تک نہیں لیا۔

علاقہ مکینوں نے حکومتِ سندھ اور ڈپٹی کمشنر گھوٹکی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قبرستان میں جمع گندے پانی کی نکاسی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، سیوریج لائن کی مرمت کی جائے اور ذمہ دار عملے کے خلاف کارروائی کی جائے۔ شہریوں نے انتباہ دیا ہے کہ اگر انتظامیہ نے فوری عملی قدم نہ اٹھایا تو احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دیے جائیں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔

Shares: