سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض ) چیئرپرسن چیف منسٹر ڈائریکٹوریٹ انسپکشنز اینڈ ویجیلینس پنجاب بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صوبے میں ترقی اور خوشحالی کے لیے دن رات کام کر رہی ہیں۔ تمام سرکاری محکموں کی کارکردگی کی جانچ "کی پرفارمنس انڈیکیٹرز” کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر کی جا رہی ہے، اور اس مقصد کے لیے وزیر اعلیٰ کے دفتر میں ایک خصوصی ڈائریکٹوریٹ قائم کیا گیا ہے۔

بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے ضلعی انتظامیہ اور سرکاری حکام کے ایک اجلاس میں کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سرکاری افسران کی ٹرانسفر اور پوسٹنگ پر سیاسی اثر و رسوخ کو ختم کردیا ہے، اور اب تمام فیصلے میرٹ پر کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے سرکاری افسران کو ہدایت کی کہ وہ آئین اور قانون کے مطابق اپنے فرائض انجام دیں اور عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مزدوروں کی کم سے کم اجرت 37 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے اور لیبر ڈیپارٹمنٹ کو اس پر عمل درآمد یقینی بنانا چاہیے۔ فیکٹریوں میں کام کرنے والے مزدوروں کو رجسٹرڈ کرکے ان کے سوشل بینیفٹس کا تحفظ کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کے "ستھرا پنجاب پروگرام” کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ ایک انقلابی قدم ہے جس کے تحت صوبے کے تمام شہری اور دیہی علاقوں میں یکساں صفائی کا نظام نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کے لیے ای-ٹینڈرنگ متعارف کروائی گئی ہے، جس سے ترقیاتی کاموں کی لاگت میں 13 سے 18 فیصد کمی آئی ہے۔

صوبے میں صحت کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا صحت کا بجٹ دیا ہے اور دیہی و بنیادی مراکز صحت کو ری ویمپ کیا جا رہا ہے۔ ہسپتالوں میں مفت علاج معالجے اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اجلاس میں رکن قومی اسمبلی گلناز شجاعت، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین اور دیگر اعلیٰ افسران بھی شریک تھے۔

Shares: