تنگوانی: ڈاکوؤں کا پولیس چوکی پر حملہ، سرکاری ہتھیار اور ذاتی سامان چھین کر فرار
تنگوانی(باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ)ڈاکوؤں کا پولیس چوکی پر حملہ، سرکاری ہتھیار اور ذاتی سامان چھین کر فرار
تفصیلات کے مطابق تنگوانی کے قریب ڈاکوؤں نے ڈیرہ سر کی حدود میں واقع سیفل اسٹاپ پولیس چوکی پر حملہ کر کے پولیس اہلکاروں سے سرکاری ہتھیار چھین لیے۔ حملے میں ڈاکوؤں نے پولیس اہلکار اسد گجرانی اور ممتاز گاجانی سے سرکاری ہتھیار، موبائل فون، اور ذاتی اسکوٹر چھین کر فرار ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق حملے کے بعد دونوں پولیس اہلکاروں کو کوارٹر گارڈ کر دیا گیا ہے جبکہ ڈیرہ سرکی پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کا پیچھا کیا جا رہا ہے۔ تاہم عوام کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے صرف رسمی کارروائی کے طور پر موبائلز کی نقل و حرکت دکھائی گئی اور حقیقت میں کوئی ٹھوس کارروائی نہیں کی گئی۔
عوام نے پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پولیس خود محفوظ نہیں ہے تو عوام کی حفاظت کا کیا حال ہو گا؟ اس واقعے نے علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید خراب کر دیا ہے، اور عوام میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔