کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن مومن آباد میں خاندانی تنازعہ خونریز تصادم میں تبدیل ہو گیا، جہاں داماد نے سسرالیوں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ اس افسوسناک واقعے میں سسر سمیت تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔

ایس ایس پی ویسٹ طارق مستوئی کے مطابق یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب مقتول غوث الدین عرف عمران اپنے رشتے داروں کے ہمراہ اپنی بیٹی کے گھر آیا ہوا تھا۔ اطلاعات کے مطابق گھر میں کسی پرانے خاندانی جھگڑے پر بحث و تکرار شروع ہوئی جو شدت اختیار کر گئی۔اسی دوران مقتول عمران کا داماد حمید، اس کا بھائی رحمت، والد شاہجہان اور ایک رشتے دار نے مل کر فائرنگ شروع کر دی۔ اچانک ہونے والی اس فائرنگ کے نتیجے میں غوث الدین عرف عمران، گل بخت خان اور امین موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزمان میں سے دو شاہجہان اور ایک رشتے دار کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ مرکزی ملزم حمید اور اس کا بھائی رحمت جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس کے مطابق جائے واردات سے ایک پستول بھی برآمد کر لیا گیا ہے، جسے فرانزک کے لیے بھیج دیا گیا ہے تاکہ فائرنگ میں استعمال ہونے والے ہتھیار کی تصدیق ہو سکے۔ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں، اور پولیس کو امید ہے کہ جلد ہی مفرور ملزمان حمید اور رحمت کو بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔ علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک حرکت کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔

Shares: