میرپورماتھیلو(باغی ٹی وی،نامہ نگارمشتاق علی لغاری)ضلع گھوٹکی کے شہر میرپور ماتھیلو سے یارو لنڈ، جروار، گھوٹکی، خیرپور اور رِشتي گھوٹکی کے مختلف روٹس پر چلنے والی ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں ٹریفک قوانین کی کھلے عام خلاف ورزی کی جا رہی ہے، جہاں ویگنوں اور ہائیس گاڑیوں کی چھتوں پر مسافروں کو بٹھا کر سفر کروانا ایک معمول بن چکا ہے۔ یہ خطرناک عمل کسی بھی وقت کسی بڑے جانی سانحے کا سبب بن سکتا ہے، مگر انتظامیہ اس سنگین صورتحال سے چشم پوشی اختیار کیے ہوئے ہے۔ ان روٹس پر سفر کرنے والے مسافر اپنی زندگیوں کو داؤ پر لگا کر سفر کرنے پر مجبور ہیں، جو کہ ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔

واضح رہے کہ یہ کوئی نیا معاملہ نہیں ہے بلکہ ماضی میں بھی رِشتي گھوٹکی، جروار اور گھوٹکی–خیرپور روٹس پر گاڑیوں کی چھتوں سے گرنے اور حادثات کے نتیجے میں کئی قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں اور درجنوں افراد عمر بھر کے لیے معذور ہو چکے ہیں۔ ان المناک حادثات کے باوجود نہ تو ٹریفک پولیس نے ان جان لیوا خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے کوئی مؤثر ناکہ بندی کی ہے اور نہ ہی ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کوئی تادیبی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ متعلقہ اداروں کی یہ مجرمانہ خاموشی اور غفلت شہریوں کے لیے تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے، کیونکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ حادثات کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے۔

عوامی و سماجی حلقوں اور مسافروں نے ضلع گھوٹکی کے اعلیٰ حکام اور بالخصوص ڈی آئی جی اور ایس ایس پی گھوٹکی سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے ان ٹرانسپورٹرز کے خلاف فوری اور بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کی چھتوں پر مسافر بٹھانے کے عمل پر مکمل پابندی عائد کی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت جرمانے اور گاڑیوں کی ضبطگی جیسے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری طور پر عملی اقدامات نہ کیے گئے تو مستقبل میں ہونے والے کسی بھی بڑے حادثے کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام اور انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

Shares: