افغانستان میں طالبان نے موسیقی کے درجنوں آلات ضبط کر کے نذر آتش کردیئے-
طالبان کے محکمہ امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے مطابق افغان صوبے میدان وردک میں حالیہ ہفتوں کے دوران مقامی بازاروں سے ضبط کیے گئے درجنوں موسیقی کے آلات اور حقوں کو جلا دیا گیامجموعی طور پر 160 اشیا جن میں ڈھولک، طبلے، رُباب، ایک پیانو، ایم پی تھری پلیئرز، ٹیپ ریکارڈرز اور 15 حقوں کو شرعی احکامات کے مطابق نذر آتش کردیا گیا، یہ اشیا موسیقی اور غیراسلامی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے استعمال ہو رہی تھیں اور ان کی ضبطی اور ان کو نذرِ آتش کرنا ہماری پالیسی کا حصہ ہے جس کے تحت شہریوں کی ثقافتی اور سماجی سرگرمیوں پر سخت پابندیاں لگائی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ طالبان کے افغانستان میں دوبارہ اقتدار سنبھالنے کے بعد موسیقی کو عوامی مقامات سے تقریباً ختم کر دیا گیا ہے اور تقریبات یہاں تک کہ شادی میں بھی موسیقی پر سخت پابندی ہے،کلاسیکی موسیقی اور پاپ میوزک دونوں ہی طرح کی موسیقی نے سن 2021 میں طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے سے پہلے کے 20 سالوں میں کافی ترقی کی ہے۔
لیکن اگست 2021 ء میں امریکی اور نیٹو افواج کے انخلاء کے بعد افغانستان پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد سے طالبان مختلف شعبہ ہائے زندگی میں سخت قوانین نافذ کر رہے ہیں،افغانستان کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف میوزک جو ایک وقت اپنی ہمہ جہت ثقافتی اور موسیقی کی سرگرمیوں کے لیے کا فی مشہور تھا، کے طلبا اور اساتذہ، طالبان کے کنٹرول کے بعد سے، کلاسوں میں واپس نہیں آئے ہیں۔ بہت سے موسیقار ملک چھوڑ کر جاچکے ہیں۔








