تاریک راہیں ،بحران،امید کی کرن کہاں؟
تحریر:ڈاکٹرغلام مصطفےٰ بڈانی
پاکستان آج کل ایسے بحرانوں کا شکار ہے جو لمحہ بھرمیں تبدیل ہورہے ہیں، جہاں ایک طرف قدرتی آفات ملک کو نگل رہی ہیں، وہیں سیاسی، معاشی اور سیکورٹی مسائل قوم کی کمر توڑ رہے ہیں۔آج 23 اگست 2025 تک یہ ملک ایک ایسے طوفان میں گھرا ہوا ہے جہاں مون سون کی شدید بارشیں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ نے لاکھوں لوگوں کو بے گھر کر دیا ہے جبکہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گرد حملے روزمرہ کی حقیقت بن چکے ہیں۔ بھارت کے ساتھ سرحدی تناؤ، معاشی گراوٹ اور سیاسی عدم استحکام نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ آئیے اس بات کا جائزہ لینے کی کوشش کرتے ہیں کہ ان خطرناک حالات میں حکومتی اقدامات کافی ہیں، کیا عوام کئے جانے والے ان اقدامات سے مطمئن ہے اورعوامی سوچ کیا ہے، کیا اس دلدل سے نکلنے کا کوئی راستہ موجود ہے۔

سب سے پہلے قدرتی آفات کی بات کریں تو پاکستان اس وقت مون سون کے شدید اثرات کا سامنا کر رہا ہے۔ خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 500 سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے ہیں۔ ایک افسوسناک واقعہ یہ بھی ہے کہ ریسکیو آپریشن کے دوران ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا، جس میں پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے۔ گلگت بلتستان میں گلیشیئر پگھلنے سے 28 سال پرانی لاشوں کی برآمدگی ماحولیاتی تبدیلی کے خطرناک اثرات کو ظاہر کرتی ہے۔ سال روان میں پولیو کیسز 21 تک پہنچ گئے ہیں، جو صحت کے نظام کی ناکامی کو نمایاں کرتے ہیں۔ کراچی جون کے ایک مہینے میں 57 بار زلزلوں کے جھٹکوں سے لرزتا رہا۔ 20 جولائی 2025 کو دُکی کے علاقے میں کوئلے کی کان میں گیس بھرنے سے دھماکے میں 7 مزدور جاں بحق ہوئے جبکہ 2 اگست 2025 کو کوئٹہ کے علاقے میں ایک اور دھماکے سے مزید 4 مزدور ہلاک ہوئے۔ یہ تمام واقعات لمحہ بہ لمحہ بدلتے حالات اور بڑھتی تباہی کی سنگین تصویر پیش کرتے ہیں۔

سیکورٹی چیلنجز بھی ملک کو اندر سے کمزور کر رہے ہیں۔ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بھارتی فتنہ الخوارج کے دہشت گردانہ حملے مسلسل جاری ہیں۔ مثال کے طور پر بلوچستان میں ایک بس پر حملے میں سات افراد جاں بحق ہوئے اورٹرین اغوا کا معاملہ ابھی تازہ ہے جبکہ پولیو ورکرز پر فائرنگ اور فوجی آپریشنز میں 30 دہشت گرد مارے گئے۔ جنوبی وزیرستان میں فوجی کارروائیاں جاری ہیں لیکن افغانستان کے ساتھ کشیدگی بڑھ رہی ہے۔ پاکستان نے ڈرون حملوں کا الزام عائد کیا ہے مگر سفارتی سطح پر خاموشی چھائی ہوئی ہے۔

مئی 2025 میں کشمیر میں بھارت کے ایک فالز فلیگ دہشت گردانہ حملے کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان محدود جنگ چھڑ گئی۔ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا، جس میں دشمن کی دفاعی لائنوں کو اڑا کر رکھ دیا گیا۔ دنیا نے دن کی روشنی میں بھارت کے جدید ترین رافال طیاروں سمیت 6 جنگی جہازوں کی تباہی اور ایس-400 میزائل ڈیفنس سسٹم کے ناکارہ ہونے کا منظر دیکھا۔ اس فیصلہ کن اور مختصر جنگ نے نہ صرف بھارت کے عزائم خاک میں ملا دیے بلکہ پاکستانی قوم کا مورال بھی آسمان کو چھو گیا۔ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہی اور ایسی مثالی یکجہتی کا مظاہرہ کیا جس کی تاریخ میں کم ہی مثال ملتی ہے۔ اسی دوران پاکستان کی جانب سے افغانوں کو اپنے ملک واپس بھیجنے کا فیصلہ بھی کیا گیا جو قومی امنگوں اور عوامی توقعات کے عین مطابق سمجھا جا رہا ہے۔

معاشی بحران بھی پاکستان کی بنیادوں کو ہلا رہا ہے۔ کم از کم اجرت 133 ڈالر ماہانہ ہے، مگر زندہ رہنے کی لاگت 374 ڈالر تک جا پہنچی ہے، جس نے غربت کی شرح کو آسمان تک پہنچا دیا ہے۔ زراعت تباہ حالی کا شکار ہے، غذائی قلت کا خدشہ بڑھ رہا ہے اور کاروبار ایک ایک کر کے بند ہو رہے ہیں۔ ایشیائی ترقیاتی بینک سے 410 ملین ڈالر کی امداد ملی ہے لیکن یہ سمندر میں قطرے کے مترادف ہے۔ آئی ایم ایف پروگرام کے تحت اصلاحات جاری ہیں، مگر کرپشن اور سیاسی عدم استحکام ان پر سوالیہ نشان ہیں۔ قرضوں میں ڈوبا ملک خوابوں کی دنیا میں جی رہا ہے جبکہ کسان بھوک سے نڈھال اور نوجوان بیروزگاری کے ہاتھوں مایوس ہیں۔ یہ معاشی زوال قدرتی آفات اور سیکورٹی مسائل سے جڑ کر ایک ایسے شیطانی چکر کی شکل اختیار کر چکا ہے جو ملک کو اپنی لپیٹ میں لیے ہوئے ہے۔

اب سوال یہ ہے کہ حکومت کیا کر رہی ہے؟ شہباز شریف کی زیر قیادت حکومت بظاہر ان بحرانوں سے نمٹنے کی کوشش کر رہی ہے مگر اس کی کارکردگی پر سخت تنقید کی جا رہی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ اقدامات ناکافی اور تاخیر کا شکار ہیں۔ سیلاب کے متاثرین کے لیے ریسکیو آپریشنز شروع کیے گئے، ہیلی کاپٹروں کے ذریعے امداد پہنچائی جا رہی ہے اور ورلڈ بینک کے تعاون سے کلائمیٹ ریزلیئنٹ منصوبوں جیسے 213,000 گھروں کی تعمیر نو پر کام ہو رہا ہے۔ قومی صحت اور ماحولیاتی پالیسیوں کو اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے، لیکن پیشگی تیاری نہ ہونے کی شکایت سب سے زیادہ سامنے آ رہی ہے۔ اگر حکومت نے موسمیاتی پیش گوئیوں پر بروقت توجہ دی ہوتی تو شاید تباہی اس پیمانے پر نہ ہوتی۔

سیکورٹی کے محاذ پر فوجی کارروائیاں جاری ہیں، افغانستان سے سفارتی احتجاج بھی ریکارڈ کروایا جا رہا ہے اور بلوچستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف پاک فوج اور دوسرے قانون نافذ کرنے والے ادارے ان دشمنوں کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہیں ۔لیکن بلوچستان کی صوبائی حکومت کی رٹ انتہائی کمزورہے اور وزیراعظم پاکستان میاں شہبازشریف کی وفاقی حکومت کے کوئی سنجیدہ اقدامات دکھائی نہیں دے رہے اور مٹھی بھر دہشت گردوں کے خاتمہ کیلئے کوئی سیاسی حکمت عملی یا پالیسی دکھائی نہیں دے رہے.

عوامی رائے کا جائزہ لیں تو صورت حال خاصی مایوس کن ہے۔ سوشل میڈیا پر عوام حکومت کو نااہل اور کرپٹ قرار دے رہے ہیں۔ مہنگائی، بیروزگاری اور غربت نے لوگوں کو بے حال کر رکھا ہے۔ کسان طبقہ بھوک سے نڈھال ہے، کاروبار سکڑتے جا رہے ہیں اور لوگ کہتے ہیں پاکستان کا حال اس زخمی پرندے جیسا ہے جو اُڑنا تو چاہتا ہے مگر اس کے پر کاٹ دیے گئے ہیں۔ 95 فیصد عوام حکومت کی کارکردگی سے ناخوش اور مایوس ہیں، تاہم یہ امید بھی رکھتے ہیں کہ اگر ادارے مضبوط ہوں تو حالات بدل سکتے ہیں۔

دہشت گردی کے خاتمے کے لیے افغانستان اور بھارت سے سفارتی اور فوجی سطح پر واضح اور مضبوط جواب دینے کی ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، عالمی برادری کے سامنے افغانستان اور بھارت کی جانب سے کی جانے والی پراکسی دہشت گردی کے ثبوت پیش کرنے، بھارت پر اقتصادی پابندیاں عائد کروانے اور اسے عالمی عدالت انصاف میں مجرموں کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کے لیے مؤثر سفارت کاری کی جتنی ضرورت آج ہے، اتنی پہلے کبھی نہیں تھی۔ دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے حکمرانوں کو عوام کی محرومیوں کو ختم کرنے کے لیے عملی طور پر ان کے پاس جانا ہوگا۔ معیشت کی بحالی کے لیے کرپشن کا خاتمہ، ٹیکس اصلاحات اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔

پاکستان آج ایک ایسے موڑ پر کھڑا ہے جہاں ہر سمت اندھیرا اور بحرانوں کی گھنی چھاؤں نظر آتی ہے۔ معاشی زوال، سیاسی انتشار، قدرتی آفات اور سیکورٹی کے چیلنجز نے قوم کو تھکا ضرور دیا ہے، مگر اندھیروں میں بھی روشنی کی کرن ہمیشہ موجود رہتی ہے۔ یہ کرن ہمارے نوجوانوں کی صلاحیت، عوام کی استقامت اور ان اداروں کی بہتری کی صورت میں ہے جو اگر شفافیت اور عدل کو اپنا لیں تو ملک کو ایک نئی راہ دکھا سکتے ہیں۔ امید کی یہ روشنی اس وقت روشن ہوگی جب قیادت اخلاص اور وژن کے ساتھ فیصلے کرے، عوام شعور اور اتحاد کا مظاہرہ کریں اور ہم سب مل کر کرپشن، نااہلی اور طاقت کی منفی سیاست کو مسترد کریں۔ اندھیرا چاہے کتنا ہی گہرا کیوں نہ ہو، امید کی کرن موجود ہےاور اگر ہم نے اسے جگا لیا تو یہی کرن پاکستان کے مستقبل کو روشن کر سکتی ہے۔

Shares: