بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے 9 مئی کےآٹھ مقدمات میں ضمانتوں کی درخواستوں کی جلد سماعت کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
عمران خان نے اپنے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواستیں دائر کیں۔ درخواست میں بانی پی ٹی آئی نے موقف اختیار کیا کہ انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بناتے ہوئے سازش کے تحت ان مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے۔بانی پی ٹی آئی نے درخواست میں مزید کہا کہ 24 مارچ کو دو رکنی بنچ نے ان کیسز کی سماعت کے لیے تاریخ مقرر کی تھی، لیکن بنچ کی عدم دستیابی کی وجہ سے سماعت نہ ہو سکی اور کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی۔دائر کردہ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ 9 مئی کے آٹھ مقدمات میں عمران خان کی درخواست ضمانتوں کی جلد سماعت کے لیے نیا شیڈول مقرر کیا جائے تاکہ ان کے مقدمات کا فوری طور پر فیصلہ کیا جا سکے۔