ڈسکہ،باغی ٹی وی(نامہ نگارملک عمران) خلق محمدی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام مستحق اور نادار گھرانوں کی بیٹیوں کے لیے اجتماعی شادیوں کی ایک شاندار اور پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ اس فلاحی اقدام کا مقصد معاشرے میں کم وسائل رکھنے والے خاندانوں کو سہولت فراہم کرنا اور نو بیاہتا جوڑوں کو ازدواجی زندگی کے آغاز میں درپیش مشکلات کو کم کرنا تھا۔
خلق محمدی فاؤنڈیشن کی جانب سے دلہنوں کے لیے خصوصی جہیز پیکج تیار کیا گیا، جس میں گھریلو ضروری اشیاء شامل تھیں تاکہ نئے جوڑے اپنی زندگی کا آغاز آسانی کے ساتھ کر سکیں۔ اس موقع پر شرکاء کے لیے پر تکلف ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں معزز مہمانوں نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب میں سول سوسائٹی، وکلاء، صحافی برادری، سماجی کارکنان اور معززین شہر نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور فاؤنڈیشن کے اس نیک عمل کو سراہا۔ شرکاء نے اجتماعی شادیوں جیسے فلاحی منصوبوں کو مزید فروغ دینے پر زور دیا اور خلق محمدی فاؤنڈیشن کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
یہ اجتماعی شادیاں نہ صرف نادار خاندانوں کے لیے امید کی کرن ہیں بلکہ معاشرتی یکجہتی اور فلاح و بہبود کے فروغ کا عملی نمونہ بھی ہیں۔









