ڈسکہ: انسانی اسمگلنگ کا شکار 18 سالہ ابوبکر مراکش کشتی حادثے میں جاں بحق
ڈسکہ،باغی ٹی وی (نامہ نگار ملک عمران) مراکش سے اسپین جانے والی کشتی حادثے کا شکار، 18 سالہ ابوبکر کی زندگی کا خواب چکنا چور
ڈسکہ میں موضع دھرم کوٹ کے 18 سالہ ابوبکر کی اسپین پہنچنے کی آرزو، 34 لاکھ روپے ادا کر کے، حادثے کا شکار ہو کر دم توڑ گئی۔ ابوبکر کا تعلق ڈسکہ کے نواحی گاؤں دھرم کوٹ سے تھا اور وہ اپنے چار بھائیوں میں سب سے بڑا تھا۔ ایجنٹ اعجاز بٹ نے ابوبکر کو اسپین پہنچانے کے لیے 34 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔
ابوبکر کے تایا اکرم گجر کے مطابق زندہ بچ جانے والوں نے اطلاع دی کہ ابوبکر کو مراکش کے قریب سمندر میں تشدد کا نشانہ بنا کر پھینک دیا گیا۔ ابوبکر کے والدین غم سے نڈھال ہیں اور گاؤں کی فضا سوگوار ہے۔
ان کا مطالبہ ہے کہ انسانی اسمگلرز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور بیٹے کی میت کو واپس لانے کا انتظام کیا جائے تاکہ وہ اپنے ہاتھوں سے تدفین کر سکیں۔