ڈسکہ( باغی ٹی وی نامہ نگار ملک عمران سے)ڈسکہ: ایمبولینسز کا موٹروے پر احتجاج، ناجائز ٹول ٹیکس ختم کیا جائے
تفصیل کے مطابق ڈسکہ میں ضلع سیالکوٹ کی تمام ایمبولینسز نے سیالکوٹ لاہور موٹروے کے ڈسکہ انٹرچینج پر احتجاج کیا ہے۔ مظاہرین نے ایمرجنسی سائرن بجا کر اپنی آواز بلند کی اور تمام پرائیویٹ ایمبولینسز نے ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ اس احتجاج کے باعث ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، کیونکہ انہیں حکومت کی عدم توجہ کی وجہ سے بے موت مرنے کیلئے چھوڑ دیا گیا ہے۔
مظاہرین نے زور دے کر کہا کہ ہسپتالوں میں ایمبولینس کی سہولت کی کمی اور مریضوں و مردہ جسموں پر عائد کیے جانے والے ناجائز ٹول ٹیکس کو فوری ختم کیا جائے۔
احتجاج میں سیالکوٹ، پسرور، سمبڑیال، ڈسکہ، چونڈہ، اور بڈیانہ کی ایمبولینسز شامل تھیں، جنہوں نے ڈسکہ انٹرچینج پر کھڑی ہو کر اپنی شکایات پیش کیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے ان کے مسائل کا فوری حل نہ نکالا تو وہ مزید سخت احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔ یہ صورتحال مریضوں کی زندگیوں کے لیے ایک بڑا خطرہ بنتی جا رہی ہے، جس پر حکام کو فوری توجہ دینا ضروری ہے۔