ڈسکہ (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک عمران) تحصیل اینٹی ٹی بی ایسوسی ایشن ڈسکہ کے زیر اہتمام ٹی بی کیئر سنٹر میں ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے ایک اہم آگاہی سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا۔
سیمینار کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ جنرل سیکرٹری چوہدری قطب الدین نے شریک معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور انسداد ڈینگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر ڈینگی کے ماہر ڈاکٹر اصغر علی نے ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ گھروں کے روشن دانوں اور کھڑکیوں پر جالی لگانا ڈینگی لاروے کی افزائش کو روکنے میں انتہائی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید زور دیا کہ گملوں، کیاریوں، ناکارہ ٹائروں اور لان وغیرہ میں پانی ہرگز کھڑا نہ ہونے دیں تاکہ معاشرے کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سینئر نائب صدر خان عباس خان نے کہا کہ ڈینگی سے خوفزدہ ہونے کی بجائے اس کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے تمام شہریوں پر زور دیا کہ وہ ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے ڈینگی کے خلاف جنگ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
دیگر مقررین جن میں ٹی بی سکرینر مرسی کور، لبنیٰ مشتاق، محمودالحسنین ایڈووکیٹ، مولانا ایوب خان اور سینئر صحافی امین رضا مغل شامل تھے، نے بھی ڈینگی کی روک تھام کی اہمیت اور اس کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔
سیمینار کے اختتام پر انسداد ڈینگی کے حوالے سے ایک آگاہی واک کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا کر ڈینگی سے بچاؤ کے پیغامات عام کیے۔ واک کے اختتام پر ملک کی سلامتی، استحکام اور ڈینگی سے نجات کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔