ڈسکہ (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک عمران) ڈسکہ کے علاقے میں پسند کی شادی نہ ہونے پر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ولیمے کی رات دلہن کے مبینہ عاشق نے فائرنگ کر کے دولہا کو قتل کر دیا۔ پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دھیدووالی کے رہائشی محمد جاوید عرف عدنان کی شادی تھانہ ستراہ کے موضع منڈ میں انجام پائی تھی۔ گزشتہ رات جب وہ اپنی دعوت ولیمہ کے بعد سسرال پہنچا تو وہاں پر دلہن کے مبینہ عاشق محمد بوٹا نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔ تشویشناک حالت کے پیش نظر جاوید کو فوری طور پر سول ہسپتال ڈسکہ سے گوجرانوالہ ریفر کیا جا رہا تھا کہ اس نے راستے میں ہی دم توڑ دیا۔

مقتول دولہا کے والد محمد ناصر کی مدعیت میں درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق دلہن الفا سویرا اپنے مبینہ عاشق محمد بوٹا سے شادی کرنا چاہتی تھی لیکن گھر والوں نے اس کی زبردستی شادی محمد جاوید سے کر دی تھی۔ ایف آئی آر میں دلہن الفا سویرا اور اس کے عاشق محمد بوٹا دونوں کو نامزد کیا گیا ہے۔

مقتول کے والد نے الزام لگایا ہے کہ دلہن نے مقتول دولہا کی جیب سے سلامیوں والی رقم، طلائی انگوٹھی، پرس اور موبائل فون بھی نکال لیا تھا۔ ستراہ پولیس نے مقتول کی میت کو سول ہسپتال کے مردہ خانے منتقل کر کے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

Shares: