سیالکوٹ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض سے)صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے پنجاب سٹیز پروگرام کے تحت ڈسکہ شہر میں 1 ارب روپے کی لاگت سے نکاسی آب کے جامع منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے ، جنوری 2025 میں 26 ہزار فٹ طویل آرسی سی ڈرین کی تعمیر کے تمام منصوبے پایہ تکمیل کو پہنچ جائیں گے جس سے ڈسک سٹی میں نکاسی آب کے درینہ مسائل کا خاتمہ ہوگا۔ یہ بات انہوں نے آج اپنے حلقہ انتخاب پی پی 51 ڈسکہ میں پی سی پی کے تحت جاری ترقیاتی منصوبے پر کام کے رفتار اور معیار کا جائزہ لینے کے دوران بتائی۔
صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق نے بتایا کہ پی سی پی کے ڈسکہ میں سیوریج کے منصوبے میں نئی آر سی سی ڈرینز کے علاؤہ 31 ہزار 507 فٹ پرانی ڈرین کی بحالی، 282 فٹ ڈرین کلوٹ، 4ںہزار 739 فٹ ڈرینز کی ری ماڈلنگ اور 36 ہزار فٹ میونسپل کمیٹی ڈسکہ کی پرانی ڈرینز کی ڈی سلٹنگ بھی اس منصوبے کا حصہ ہے۔
صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ منصوبہ کو مقررہ ٹائم کے اندر پایہء تکمیل تک پہنچانا اور معیار کو یقینی بنانا میونسپل کمیٹی ڈسکہ کا انجینئرنگ ونگ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور مفاد عامہ میں منصوبے مقرر ٹائم لائن کے اندر مکمل کئے جائیں گے۔
قبل ازیں صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق نے ریسٹ ہاؤس ڈسکہ میں کھلی کچہری میں شہریوں کے مسائل سنے۔ انہوں نے موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کو ہدایت کی کہ صوبائی حلقہ پی پی 51 میں شامل 12 دیہی یونین کونسل میں کوڑا لفٹنگ اور صفائی ستھرائی آئندہ دو روز میں مکمل کروائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یونین کونسلز میں ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے سینٹری ورکرز کی حاضری اور کام کی تھرڈ پارٹی ویری فیکیشن کروائی جائے گی اور اس سلسلہ میں غفلت یا کوتاہی پر ذمہ دار افسران اور ملازمین کا سختی سے محاسبہ کیا جائے گا۔
شہریوں کی جانب سے سیوریج کے مسائل کے حل کیلئے درخواستوں پر انہوں نے میونسپل کمیٹی ڈسکہ کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ وہ شکایات کا بلا تاخیر ازالہ کریں اور اس ضمن میں انہیں رپورٹ پیش کریں۔
صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف صوبے کی عوام کو معیاری میو نسپل سروسز جس میں صفائی ستھرائی، پینے کا صاف پانی، سیوریج کے نظام کی اپ گریڈیشن ، تجاوزات کے خاتمہ اور بھرپور شجر کاری شامل ہے فراہم کرنے کیلئے ایکشن پلان ترتیب دیا ہے جس پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے لوکل گورنمنٹ کے افسران اور ملازمین کو اپنے فرائض منصبی ایمانداری اور جانفشانی سے انجام دینے ہونگے۔