ڈسکہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک عمران) ملک بھر کی طرح ڈسکہ میں بھی پانچ روزہ قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت تحصیل بھر میں پانچ سال تک کی عمر کے 1 لاکھ 70 ہزار 500 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ مہم 26 مئی سے 30 مئی تک جاری رہے گی۔

ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سادات انور نے خانہ بدوش بستیوں میں بچوں کو پولیو کے قطرے اور وٹامن اے کی خوراک پلا کر مہم کا باضابطہ افتتاح کیا۔ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے 611 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں 568 موبائل ٹیمیں، 29 فکس ٹیمیں اور 14 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔

یہ ٹیمیں گھروں، اسکولوں، مدارس، بس اسٹینڈز اور دیگر عوامی مقامات پر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی اور وٹامن اے کی خوراک بھی فراہم کریں گی۔ ڈاکٹر سادات انور نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ انہیں مستقل معذوری سے بچایا جا سکے اور پاکستان کو پولیو فری ملک بنایا جا سکے۔

Shares: