ڈسکہ،باغی ٹی وی (نامہ نگار ملک عمران)تحصیل فٹبال ایسوسی ایشن ڈسکہ کے زیر اہتمام ڈسکہ سٹیڈیم میں ایک شاندار فٹبال میچ کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈسکہ اور سمبڑیال کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں۔ ایک دلچسپ مقابلے کے بعد سمبڑیال کی ٹیم نے ڈسکہ کو دو صفر سے شکست دے کر میچ جیت لیا۔

اس موقع پر مہمان خصوصی طور پر ایم این اے سیدہ نوشین افتخار نے شرکت کی۔ انہوں نے کھلاڑیوں کا حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں میں صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما مرزا عرفان کی اس کوشش کو سراہا جس کے تحت نوجوان نسل کے لیے کھیلوں کے میدان فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو یقین دلایا کہ وہ گراؤنڈ کی بہتری اور بڑے سطح پر فٹبال میچز کروانے کے لیے کوششیں کریں گی۔

فٹبال میچ کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں شائقین جمع تھے جنہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ میچ کے اختتام پر جیتنے والی سمبڑیال کی ٹیم کو انعامات سے نوازا گیا جبکہ تحصیل فٹبال ایسوسی ایشن کی جانب سے مہمان خصوصی کو شیلڈز پیش کی گئیں۔

Shares: