ڈسکہ ،باغی ٹی وی( نامہ نگار ملک عمران) صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے ڈسکہ سول ہسپتال میں سٹی سکین مشین اور ڈسکہ شہر کی پانچ اہم سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی چوہدری نوید اشرف، سابق ایم پی اے چودھری جمیل اشرف، ایم ایس ڈاکٹر محمد علی بٹ کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ ن کے مقامی رہنما، کارکنان اور معززین شہر کی بڑی تعداد موجود تھی۔
صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب اور ورلڈ بینک کے باہمی تعاون سے ڈسکہ کی خستہ حال پسرور روڈ، جامکے روڈ، بینک روڈ، کالج روڈ اور سمبڑیال روڈ کی تعمیر نو پر 55 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان سڑکوں کے ساتھ ساتھ نکاسی آب کے نظام (اسٹرم ڈرینز/نالوں) کی تعمیر اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب بھی اس منصوبے کا حصہ ہے۔
اس سے قبل صوبائی وزیر بلدیات نے سول ہسپتال ڈسکہ میں پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت نصب کی گئی 16 سلائس سٹی سکین مشین کا افتتاح کیا۔ انہوں نے سول ہسپتال ڈسکہ کو پنجاب کا نمبر ون ٹی ایچ کیو ہسپتال قرار دیتے ہوئے ایم ایس ڈاکٹر محمد علی بٹ اور ان کی ٹیم کی پیشہ ورانہ خدمات اور خلوص نیت سے کام کرنے پر ان کی تعریف کی۔ میاں ذیشان رفیق نے اعلان کیا کہ سول ہسپتال ڈسکہ میں ایمرجنسی کی صورت میں سٹی سکین کی سہولت مفت فراہم کی جائے گی جبکہ روٹین کے کیسز میں صرف 2500 روپے فیس وصول کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سٹی سکین مشین پی ایم یو سے منسلک ہے جس کی رپورٹ 4 گھنٹوں کے اندر آن لائن دستیاب ہو سکے گی۔








