ڈسکہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک عمران)بمبانوالہ پولیس اور جرائم پیشہ افراد کے درمیان کلمہ چوک غالبکے کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں خطرناک ملزم انضمام عرف سانپ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گیا، جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق بمبانوالہ پولیس معمول کے گشت پر موجود تھی کہ اچانک تین موٹر سائیکل سوار افراد نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔ ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے قریبی کھیتوں میں گھس گئے اور کافی دیر تک شدید فائرنگ کرتے رہے۔ پولیس کی جانب سے ہوائی فائرنگ سے جوابی کارروائی کی گئی۔

فائرنگ کے تھمنے کے بعد پولیس کو کھیتوں میں ایک ملزم زخمی حالت میں ملا، جس کی شناخت انضمام ولد اللہ دتہ سکنہ اسلام نگر ڈسکہ کے نام سے ہوئی، جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ملزم ڈکیتی، راہزنی، موٹر سائیکل چوری، چھیننے اور اقدام قتل کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔

پولیس نے واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ بمبانوالہ پولیس کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

Shares: