ڈسکہ،باغی ٹی وی (نامہ نگارملک عمران) قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز، 1,76,140 بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف
ڈسکہ میں رواں سال کی پہلی پانچ روزہ قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سادات انور نے خانہ بدوش بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا۔
تحصیل بھر میں پانچ سال تک کے 1,76,140 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے لیے 611 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ڈاکٹر سادات انور کے مطابق 568 موبائل ٹیمیں، 29 فکسڈ ٹیمیں اور 14 ٹرانزٹ ٹیمیں اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر، اسکولوں، بھٹہ جات، بس اسٹینڈز اور دیگر مقامات پر بچوں کو قطرے پلا رہی ہیں۔
انسداد پولیو مہم 3 فروری سے 7 فروری تک جاری رہے گی۔ والدین سے گزارش ہے کہ وہ اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لیے پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں اور محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں۔








