ڈسکہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک عمران) ڈسکہ میں باپ بیٹے کے درمیان گھریلو جھگڑا خونی صورت اختیار کر گیا، معمولی تکرار کے بعد ناخلف بیٹے نے قینچی کے وار سے اپنے ضعیف والد کو قتل کر دیا۔ واقعہ تھانہ سٹی کے علاقے محلہ حاجی پورہ میں پیش آیا جہاں ارشد محمود نامی بزرگ شہری کا اپنے حقیقی بیٹے ثمران سے گھریلو تنازع ہو گیا۔ تکرار کے دوران بات ہاتھا پائی تک جا پہنچی اور ثمران نے غصے میں آ کر زمین پر پڑی قینچی اٹھا کر اپنے باپ کے سینے میں گھونپ دی۔

شدید زخمی ارشد محمود کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ اطلاع ملتے ہی سٹی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور نعش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا، جب کہ ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اہل علاقہ نے افسوسناک واقعے پر شدید دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔

Shares: