ڈسکہ،باغی ٹی وی(نامہ نگارملک عمران) انجمن خدمت خلق رجسٹرڈ ڈسکہ کے نو منتخب عہدیداران برائے سال 2024-26 کی تقریب حلف برداری اور 750 واں ماہانہ اجلاس زچہ بچہ ہسپتال ڈسکہ میں زیر صدارت میاں سعید احمد صراف منعقد ہوا۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت حافظ عبدالغفار نے حاصل کی، جبکہ نعت رسول مقبولؐ انوار احمد سیال نے پیش کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی محمد شریف گھمن (ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سیالکوٹ) اور عدنان احمد راٹھور (اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر آفس ڈسکہ) نے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا۔
محمد شریف گھمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ادارے کی شفافیت اور صفائی کے نظام کی تعریف کی اور اسے انسانیت کی خدمت کے لیے بہترین قرار دیا۔
جنرل سیکرٹری محمد انور مغل نے نومبر کے اجلاس کی کارروائی پیش کی، جسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔ فنانس سیکرٹری انوار احمد سیال نے مالی گوشوارہ پیش کیا، جبکہ سیکرٹری نشر و اشاعت سہیل سلمان ٹھروہی نے گزشتہ ماہ کی شائع شدہ رپورٹس پیش کیں۔
اجلاس میں ڈسکہ میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ تقریب کا اختتام مولانا محمد ایوب خان کی دعا اور میاں سعید احمد صراف کی تواضع سے ہوا۔