سیالکوٹ ( باغی ٹی وی،ڈویژنل بیوروچیف شاہدریاض) پریس کلب ڈسکہ (رجسٹرڈ) میں ایک اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ نمائندگان کے لیے نومنتخب عہدیداران کے ناموں کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پریس کلب محمد افضل منشاء نے کی، جبکہ شہر کی صحافتی برادری اور مختلف چینلز سے وابستہ نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اجلاس میں چیئرمین محمد افضل منشاء نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا نے ہمیشہ عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں صفِ اوّل کا کردار ادا کیا ہے اور ان کی خدمات ہر سطح پر قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر الیکٹرانک میڈیا کلب کے نئے عہدیداران کے ناموں کا باضابطہ اعلان کیا۔

نومنتخب عہدیداران میں صدر کے طور پر شہباز علی محسن کو چُنا گیا، جبکہ جنرل سیکرٹری کے فرائض چوہدری نعیم اختر وریاہ انجام دیں گے۔ دیگر عہدیداران میں نوید اقبال خاں کو سینئر نائب صدر، عثمان حیدر اور شیخ نوید کو نائب صدر مقرر کیا گیا۔ ملک چاند کو سیکرٹری اطلاعات و نشریات کی ذمہ داری دی گئی جبکہ ملک شاہد تنویر کو جوائنٹ سیکرٹری اور شاہد ریاض کو ایڈیشنل سیکرٹری نامزد کیا گیا۔ مرزا آفتاب کو فنانس سیکرٹری مقرر کیا گیا جو مالی امور کی نگرانی کریں گے۔

اس پروقار تقریب میں پریس کلب کے سینئر اراکین نے نومنتخب عہدیداران کو ہار پہنائے، انہیں دلی مبارکباد دی اور ان کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر شرکاء نے کہا کہ یہ لمحہ نہ صرف میڈیا کی مضبوطی کی علامت ہے بلکہ ایک نئے عزم، اتحاد، اور ہم آہنگی کی شروعات بھی ہے۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ پریس کلب ڈسکہ اور الیکٹرانک میڈیا کلب کے درمیان قائم ہونے والا یہ اشتراک مستقبل میں صحافیوں کی آواز کو مزید مؤثر اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے کارآمد ثابت ہوگا۔

یہ اجلاس صحافتی برادری کے لیے حوصلہ افزا اور مثبت پیش رفت کا حامل قرار دیا گیا، جس نے ڈسکہ میں میڈیا کے کردار کو مزید فعال بنانے کا عندیہ دیا ہے۔

Shares: