ڈسکہ (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک عمران) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے آج تحصیل ڈسکہ کا دورہ کیا، جس میں انہوں نے جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ان کے دورے میں تحصیل ہیڈکوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال، سکول اور سڑکوں سمیت مختلف ترقیاتی مقامات کا معائنہ شامل تھا۔

ڈپٹی کمشنر نے ٹی ایچ کیو ہسپتال میں ایمرجنسی، او پی ڈی، فارمیسی اور وارڈز کا معائنہ کرتے ہوئے طبی سہولیات کے معیار کو پرکھا اور مریضوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق مریضوں کو مفت ادویات اور معیاری سہولیات فراہم کرنے کی تاکید کی۔ اس کے علاوہ، انہوں نے ہسپتال میں ڈائیلسز یونٹ کا بھی جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر نے بمبانوالہ روڈ کے زیر تعمیر منصوبے کا بھی معائنہ کیا اور محکمہ ہائی وے ڈویژن کے افسران کو ہدایت کی کہ مقررہ مدت میں کام مکمل کیا جائے اور معیار کا خاص خیال رکھا جائے۔ اس دوران اے سی ڈسکہ ماہم مشتاق اور ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر علی بٹ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

مزید برآں، ڈپٹی کمشنر نے قائد اعظم ڈویژنل پبلک سکول جیسروالہ کیمپس کا دورہ کیا اور زیر تعمیر بلاک کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اسپیشل ایجوکیشن سنٹر ڈسکہ کا بھی معائنہ کیا، جہاں انہوں نے خصوصی بچوں کے لیے فراہم کی جانے والی تعلیمی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

Shares: