ڈسکہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک عمران)پیر طریقت، رہبر شریعت، غوثِ زماں حضرت پیر فقیر بابا جی سرکار رحمۃ اللہ علیہ کا 26 واں سالانہ عرس پاک نہایت عقیدت و احترام سے بٹ خیلہ شریف میں منایا گیا۔ یہ روحانی اجتماع سجادہ نشین رہبر شریعت صاحبزادہ حضرت پیر فقیر محمد مدظلہ کی صدارت اور حضرت صاحبزادہ محمد وقاص خان و حضرت صاحبزادہ محمد حسن قادری کی نگرانی میں منعقد ہوا۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا، جس کے بعد روح پرور ختم پاک کی محفل منعقد ہوئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سجادہ نشین حضرت صاحبزادہ پیر فقیر محمد مدظلہ نے بابا جی سرکارؒ کی روحانی، دینی اور اخلاقی خدمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ تاجدارِ بٹ خیلہ حضرت پیر فقیر بابا جی سرکارؒ نے اپنی تمام زندگی دین اسلام کی تبلیغ، عشقِ مصطفیٰ ﷺ کے فروغ، اور انسانیت کی خدمت میں وقف کر دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بابا جی سرکارؒ کی حیاتِ طیبہ سیرت النبی ﷺ کا عملی نمونہ تھی اور ان کی تعلیمات آج بھی راہِ حق کے مسافروں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ ان کا روحانی فیض آج بھی بٹ خیلہ شریف سے جاری ہے اور تاقیامت جاری رہے گا۔
عرس کے موقع پر بڑی تعداد میں عقیدت مندوں، علماء کرام، مشائخ عظام، اور زائرین نے شرکت کی اور بابا جی سرکارؒ کے دربار پر حاضری دی۔ تقریب کے اختتام پر امت مسلمہ، ملک پاکستان کی سلامتی اور عالم اسلام کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔








