ڈسکہ ،باغی ٹی وی(نامہ نگارملک عمران)ڈسکہ میں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں شراب اور اسلحہ برآمد کیا ہے۔

ریجنل انچارج ذوالفقار ورک اور ڈسٹرکٹ انچارج احسان ظفر سندھو کی زیر نگرانی انچارج پوسٹ سب انسپکٹر یاسر محبوب اور ٹیم پٹرولنگ پوسٹ گلوٹیاں موڑ نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروشوں اور اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کو گرفتار کیا۔

پولیس نے ماہ فروری کے پہلے ہفتے میں ناکہ بندی کے دوران لاہور سے سیالکوٹ سپلائی کی جانے والی ولایتی شراب کی 242 بوتلیں برآمد کیں۔

اس کے علاوہ شاہراہوں پر ناجائز اسلحہ لے کر گھومنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مختار سکنہ سمڑیال کے قبضہ سے پسٹل 30 بور اور گولیاں جبکہ فرحان سکنہ سمبڑیال کے قبضہ سے پسٹل 9 ایم ایم اور گولیاں برآمد کی گئیں۔

تینوں ملزمان کے خلاف علیحدہ علیحدہ مقدمات تھانہ سٹی ڈسکہ اور بمبانوالہ میں درج کروائے گئے ہیں۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ انچارج احسان ظفر سندھو نے کہا کہ منشیات فروش معاشرے کا ناسور ہیں اور ان کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔

Shares: