سیالکوٹ: صحافیوں کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہونا چاہیے، وزیر بلدیات

میاں ذیشان رفیق نے پریس کلب (رجسٹرڈ) ڈسکہ اور الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کے عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی

سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق نے پریس کلب (رجسٹرڈ) ڈسکہ اور الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کے عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر پریس کلب ڈسکہ کے چیئرمین شکیل اکرم بٹ، جنرل سیکرٹری رانا وسیم اشرف، ڈاکٹر افضال خان، پرویز عالم بٹ، عدنان ناصر مغل، غضنفر مغل، رانا محمد شبیر، اور الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن ڈسکہ کے صدر عمران شریف، جنرل سیکرٹری عثمان حیدر، مظفر چوہان، نوید شیخ، ملک چاند، اور سلیم عباس بخاری نے اپنے عہدے کا حلف لیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ صحافت اور سیاست کا چولی دامن کا ساتھ ہے اور صحافت ایک مقدس پیشہ ہے۔ انہوں نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ حقائق کو ملحوظ خاطر رکھیں اور قلم کی حرمت کو پامال نہ ہونے دیں۔ انہوں نے پریس کلب ڈسکہ اور الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کے عہدیداران کو مبارکباد دی اور کہا کہ وہ ذاتی پسند ناپسند کو بالا طاق رکھتے ہوئے پریس کلب میں جینوئن صحافیوں کو ممبر بنائیں تاکہ اصلی اور نقلی صحافیوں کا فرق واضح ہو سکے۔

صوبائی وزیر نے سوشل میڈیا پر طوفان بدتمیزی اور افواج پاکستان کے خلاف بے جا تنقید کی بھی مذمت کی اور کہا کہ صحافیوں کو جھوٹے پراپیگنڈے کو روکنے اور حقائق عوام کے سامنے رکھنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انتقامی کارروائیوں پر یقین نہیں رکھتے اور ان کا ایجنڈا مخالفین کی مخالفت نہیں ہے۔

مزید برآں، میاں ذیشان رفیق نے شہر میں بلا امتیاز تجاوزات ہٹانے کی ہدایت دی اور صوبے میں اڑھائی سو گھروں کے لیے ایک سینٹری ورکر پروگرام لانے کا اعلان کیا، جس کے تحت صفائی کا نظام وزیر اعلی کے ویژن کے مطابق چلایا جائے گا۔

Leave a reply