ڈسکہ (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک عمران)واپڈا کی نجکاری اور ہسپتال سروس کے خاتمے کے خلاف آل پاکستان ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کی ہڑتال چوتھے روز میں داخل
تفصیلات کے مطابق گیپکو ڈسکہ ڈویژن کے واپڈا ہسپتال کی سروسز کے خاتمے اور واپڈا کی نجکاری کے خلاف آل پاکستان ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کی جانب سے کی جانے والی کام چھوڑ ہڑتال اور احتجاجی دھرنا چوتھے روز میں داخل ہوگیا ہے۔ اس احتجاج کے باعث نہ صرف بلوں کی ترسیل بند ہے بلکہ صارفین کی شکایات کا بھی ازالہ نہیں کیا جا رہا۔
احتجاجی دھرنے میں ریجنل چیئرمین ولی الرحمن خان نے بھی شرکت کی اور ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "بڑے آفیسرز ہر قسم کی مراعات لے رہے ہیں، مگر ورکرز کا استحصال کیا جا رہا ہے اور انہیں بنیادی سروسز سے بھی محروم کیا جا رہا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ "جب تک ہمارے مطالبات منظور نہیں کیے جاتے، ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔”
ریجنل چیئرمین کی آمد پر ورکرز نے ان کا بھرپور استقبال کیا اور نجکاری کے خلاف نعرے بازی کی۔ اس موقع پر ورکرز کو حلوہ پوری کا ناشتہ بھی فراہم کیا گیا۔ احتجاجی دھرنا میں شامل ورکرز نے اپنے حقوق کے حصول کے لیے عزم کا اظہار کیا۔