ڈسکہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک عمران) بھارت کے بزدلانہ حملے کے خلاف اور افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ڈسکہ کے شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ صوبائی وزیر بلدیات پنجاب کے کیمپ آفس سے افواج پاکستان کے حق میں زبردست ریلی نکالی گئی۔
ریلی کی قیادت مسلم لیگ ن سٹی صدر اور چیئرمین مرکزی انجمن تاجراں محمد افضل منشاء نے کی، جبکہ علمائے کرام، تاجر تنظیموں، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے "پاک فوج زندہ باد”، "قدم بڑھاؤ پاک فوج ہم تمہارے ساتھ ہیں”، "مودی مردہ باد” اور "پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے، جس سے شہر کی فضا گونج اُٹھی۔
ریلی ریسٹ ہاؤس سے شروع ہو کر میلاد چوک تک پرامن انداز میں نکالی گئی، جہاں ملک کی سلامتی، استحکام اور افواجِ پاکستان کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے اور دشمن کی ہر جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔