ڈسکہ (باغی ٹی وی ،نامہ نگار ملک عمران)ڈسکہ میں ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر عثمان غنی نے ڈیلائٹ مارکی سمیت شہر کے مختلف شادی ہالز پر اچانک چھاپے مارے۔ چھاپوں کے دوران صفائی کے ناقص انتظامات اور ون ڈش پالیسی کی کھلی خلاف ورزی سامنے آئی، جس پر متعلقہ شادی ہالز کو بھاری جرمانے عائد کر دیے گئے۔
معائنے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے ہالز میں موجود کچن ایریا، واش رومز، کھانے کی تیاری و تقسیم کے مقامات اور مہمانوں کے بیٹھنے کے انتظامات کا بغور جائزہ لیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بعض ہالز میں صفائی کے انتہائی خراب حالات تھے، جبکہ متعدد جگہوں پر ون ڈش کی بجائے کئی اقسام کے کھانے پیش کیے جا رہے تھے جو حکومتی احکامات کی صریح خلاف ورزی ہے۔
عثمان غنی نے موقع پر موجود شادی ہالز کے منتظمین کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جاری کردہ ون ڈش پالیسی اور صفائی سے متعلقہ قواعد کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات نہ صرف غیر ضروری اسراف کو روکنے بلکہ عام شہریوں کو صاف ستھرا ماحول مہیا کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈسکہ میں ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر مکمل عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ خلاف ورزی کے مرتکب شادی ہالز کے خلاف آئندہ بھی سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔
شہری حلقوں کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر کی اس کارروائی کو سراہا جا رہا ہے اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ ان اقدامات سے نہ صرف قانون کی بالا دستی قائم ہوگی بلکہ شادی ہالز میں بے ضابطگیوں پر بھی قابو پایا جا سکے گا۔








