سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)یہ کوئی دریائے چناب نہیں بلکہ سیالکوٹ کی مرکزی شاہراہ "ڈسکہ روڈ گھوئینکی” ہے جو حالیہ بارشوں کے بعد ندی نالے کا منظر پیش کر رہی ہے۔ یہ وہی اہم شاہراہ ہے جو سیالکوٹ کو لاہور موٹروے سے ملاتی ہے اور جہاں سے روزانہ وزراء، اعلیٰ بیوروکریٹس اور دیگر ہائی پروفائل افراد کا گزر ہوتا ہے۔

اس سڑک کے دونوں اطراف کئی بڑی نجی ہاؤسنگ سوسائٹیاں قائم ہیں، لیکن اس کے باوجود سڑک پر گندے نالوں اور بارش کے پانی نے ایسی تباہی مچائی ہے کہ شہریوں کی کروڑوں روپے مالیت کی گاڑیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ گندہ پانی چار سے پانچ فٹ گہرائی تک سڑک پر بہہ رہا ہے، جس کی وجہ سے موٹر سائیکل سواروں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ کئی افراد گر کر زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ کچھ شہری اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے یا مستقل جسمانی معذوری کا شکار ہو گئے ہیں۔

مقامی شہریوں کے مطابق یہ مسئلہ کئی برسوں سے موجود ہے مگر تاحال کسی حکومت یا ضلعی انتظامیہ نے اس کی طرف توجہ نہیں دی۔ حالانکہ یہ سڑک نہ صرف سیالکوٹ کی اہم ترین تجارتی راہداری ہے بلکہ اس سے گزرنے والے افراد میں اعلیٰ حکومتی عہدیدار بھی شامل ہیں، جو روزانہ اس خطرناک صورتحال سے گزرتے ہیں مگر آنکھیں بند کیے ہوئے ہیں۔

اہل علاقہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے اس سنگین معاملے کا نوٹس لیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر اس سڑک پر نکاسی آب کے نظام کو فوری بہتر نہ بنایا گیا اور ادھورے نالوں کی تعمیر مکمل نہ کی گئی تو یہ سڑک چند ہی ماہ میں مکمل طور پر ناقابلِ استعمال ہو جائے گی، اور کروڑوں روپے کی لاگت سے بنائی گئی انفراسٹرکچر ضائع ہو جائے گا۔

شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ "ہم بھی اسی ملک کے شہری ہیں، ہمیں بھی جینے کا حق دیا جائے۔ یہ سڑک اگر حکومتی بے حسی کی نذر ہوئی تو اس کے ذمہ دار وہی ہوں گے جو روزانہ یہاں سے گزرتے ہیں مگر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔”
Shares:







