ڈسکہ (نامہ نگار ملک عمران) اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ عثمان غنی کی زیر نگرانی شہر میں تجاوزات کے خلاف جاری مہم میں تیزی لائی گئی ہے۔ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ڈسکہ نے میونسپل آفیسر ریگولیشن کے ہمراہ پرانی کچہری روڈ، معراج چوک، فوارہ چوک اور کالج روڈ کا دورہ کیا۔
دوران دورہ، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ڈسکہ نے تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کا معائنہ کیا اور موقع پر قائم عارضی تجاوزات کو فوری طور پر ہٹانے کے احکامات جاری کیے۔ اس کے ساتھ ہی، تجاوزات کرنے والوں کے خلاف بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے اور سامان کو تحویل میں لے لیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ عثمان غنی نے کہا کہ شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے یہ مہم جاری رہے گی اور کسی کو بھی قانون کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ تجاوزات سے گریز کریں اور شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔