ڈسکہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک عمران) تھانہ صدر ڈسکہ پولیس نے شہری غلام رسول کے گھر ہونے والی 90 لاکھ روپے مالیت کی بڑی چوری کا معمہ چند گھنٹوں میں حل کر لیا۔ واردات میں ملوث ملزم کو گرفتار کر کے تمام مال مسروقہ برآمد کر لیا گیا۔ چوری کی یہ واردات تھانہ صدر کے علاقہ شیرا دا کوٹ میں پیش آئی جہاں نامعلوم افراد نے 25 تولے سونے کے زیورات اور نقدی چرا لی تھی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ فیصل شہزاد نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی صدر سرکل کو ہدایات دیں کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے چوری شدہ سامان اصل مالک کو واپس کیا جائے۔ ڈی پی او کی ہدایات پر ایس ایچ او تھانہ صدر نے جدید تکنیکی ذرائع اور پیشہ ورانہ مہارت کا استعمال کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا، جو متاثرہ شہری کا سگا بھتیجا نکلا۔ تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ملزم نے گھر والوں کی غیر موجودگی میں واردات کی اور زیورات بینک لاکر میں چھپا دیے تھے۔
پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر تمام مسروقہ مال، جس کی مالیت تقریباً 90 لاکھ روپے ہے، برآمد کر کے اصل مالک کے حوالے کر دیا۔ ڈی پی او فیصل شہزاد نے پولیس ٹیم کی فوری اور کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے ٹیم کے لیے نقد انعام اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتی ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔