ڈسکہ ،باغی ٹی وی(ملک عمران) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے ڈسکہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سرکلر روڈ پر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، جاری ترقیاتی منصوبوں، اور صفائی ستھرائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ تحصیل کمپلیکس ڈسکہ میں ریونیو عوامی خدمت سروسز کورٹ میں شہریوں کے محکمہ مال سے متعلق مسائل اور شکایات کی سماعت بھی کی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ ماہم مشتاق بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ ڈپٹی کمشنر نے بنیادی مراکز صحت گلوٹیاں اور تلہاڑا کا دورہ کرتے ہوئے طبی عملے کی حاضری، مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، اور ادویات کے اسٹاک کا معائنہ کیا۔ انہوں نے حفاظتی ٹیکہ جات کے ای پی آئی پروگرام کے تحت ویکسی نیٹرز کے فیلڈ شیڈول کا بھی جائزہ لیا۔
قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے قائداعظم ڈویژنل پبلک اسکول جیسروالہ میں زیر تعمیر اکیڈمک بلاک کا معائنہ کرتے ہوئے تعمیراتی کام کے معیار اور رفتار کا جائزہ لیا۔ ان کے اس دورے کو عوام نے سہولیات کے معیار کی بہتری کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا۔