ڈسکہ ،باغی ٹی وی( نامہ نگار ملک عمران) خودکشی کا بڑھتا رجحان دین سے دوری کا نتیجہ ہے، عبدالقدیر اعوان

تفصیل کے مطابق معاشرتی ترقی، جدید آسائشوں اور خوبصورت گھروں کے باوجود انسانوں میں خوشی اور سکون کی شدید کمی نے خودکشی کے رجحان میں اضافہ کر دیا ہے۔ یہ بات امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان نے جمعتہ المبارک کے خطاب میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ جہاں دین اسلام اور قرآن کریم کی تعلیمات پر عمل کیا جا رہا ہوتا ہے، وہاں زندگی سکون اور اطمینان کے ساتھ گزر رہی ہوتی ہے، خواہ دنیاوی وسائل محدود ہی کیوں نہ ہوں۔ دین سے جڑنے اور اللہ کی رضا کے مطابق زندگی گزارنے پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں سکون کی کمی اس بات کا مظہر ہے کہ ہم دین کو مان تو رہے ہیں لیکن حقیقی یقین سے عاری ہیں۔

انہوں نے کہا، "ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی زندگی کے ہر پہلو کو دین اسلام کے مطابق ڈھالیں۔ دین اسلام وہ نظام حیات ہے جو ہماری ذاتی، معاشرتی، اور اجتماعی زندگی کو کامیاب بنا سکتا ہے۔ جہاں اللہ کے احکامات کو ترک کر کے ذاتی پسند کو ترجیح دی جائے گی، وہاں نقصان کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔”

آخر میں انہوں نے ملکی سلامتی اور بقا کے لیے اجتماعی دعا بھی فرمائی۔

Shares: