پاکستان کے معروف اور بڑے میڈیا گروپس میں سے ایک ڈان میڈیا گروپ نے اپنی اردو ویب سائٹ ڈان اردو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت ادارے نے ویب سائٹ سے وابستہ تمام 12 ملازمین کو فارغ کر دیا ہے۔
متاثرہ ملازمین کے مطابق، انہیں انتظامیہ کی جانب سے ہدایت دی گئی ہے کہ یا تو وہ فوری طور پر استعفیٰ دے دیں یا ایک ماہ کا نوٹس پیریڈ مکمل کریں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈان اردو ویب سائٹ 6 دسمبر 2025 کو مکمل طور پر بند کر دی جائے گی۔انتظامیہ کی جانب سے اس فیصلے کی وجہ مالی مشکلات بتائی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ادارے کو حالیہ برسوں میں آمدنی میں مسلسل کمی اور اشتہارات کی عدم دستیابی کا سامنا ہے۔
مارچ 2025 میں، ڈان گروپ نے اپنے ایک اداریے میں دعویٰ کیا تھا کہ وفاقی اور پنجاب حکومتوں نے گزشتہ پانچ ماہ سے ڈان گروپ کو سرکاری اشتہارات نہیں دیے، جس کی وجہ سے ادارے کو مالی بحران کا سامنا ہے۔کئی سالوں سے ڈان اردو ویب سائٹ کو اردو زبان میں خبریں، تجزیے اور رپورٹنگ کے لیے ایک معتبر ڈیجیٹل پلیٹ فارم سمجھا جاتا رہا ہے۔ اس ویب سائٹ کے ذریعے لاکھوں قارئین تازہ ترین ملکی و بین الاقوامی خبریں پڑھتے تھے۔
میڈیا انڈسٹری کے ماہرین کے مطابق، یہ فیصلہ پاکستان کے ڈیجیٹل صحافتی منظرنامے کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔یہ حالیہ دنوں میں میڈیا انڈسٹری میں ہونے والی دوسری بڑی پیش رفت ہے۔ اس سے قبل، نجی ڈیجیٹل پلیٹ فارم نُکتہ نے بھی اپنے 37 ملازمین کو فارغ کر دیا تھا۔ تاہم بعد ازاں وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے اعلان کیا تھا کہ نُکتہ کے تمام 37 ملازمین کو حکومتی نوکریاں فراہم کی جائیں گی۔صحافتی برادری نے ڈان اردو کی بندش پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ میڈیا اداروں کو مالی بحران سے نکالنے کے لیے فوری اقدامات کرے تاکہ صحافیوں کے روزگار محفوظ رہ سکیں۔








