منشیات کے خلاف جاری کارروائیوں میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو انڈرورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے قریبی ساتھی اور منشیات کے بڑے سرغنہ دانش چِکنا کو گوا سے گرفتار کرلیا۔

حکام کے مطابق دانش چِکنا، جس کا اصل نام دانش مرچنٹ ہے، کافی عرصے سے مفرور تھا اور بھارت میں داؤد کے نیٹ ورک کے تحت منشیات کی ترسیل اور فروخت کا بڑا آپریشن چلا رہا تھا۔ترجمان این سی بی کے مطابق، دانش چِکنا کے ساتھ تین دیگر ملزمان کو بھی حراست میں لیا گیا جبکہ ان کے قبضے سے 1.341 کلو گرام میفیڈرون (Mephedrone) نامی نشہ آور کیمیکل برآمد ہوا۔این سی بی کی ممبئی یونٹ نے 18 ستمبر کو خفیہ اطلاع پر پونے میں ایک شخص کو روکا، جس کے قبضے سے 502 گرام میفیڈرون برآمد کیا گیا۔اس کارروائی کے فوری بعد، تفتیش کے دوران 839 گرام مزید منشیات دانش چِکنا اور اس کی اہلیہ کے ممبئی میں واقع گھر سے ضبط کی گئیں۔

تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ دانش چِکنا اور اس کی اہلیہ ایک منظم ڈرگ سنڈیکیٹ چلا رہے تھے، جو ملک کے مختلف حصوں میں میفیڈرون کی سپلائی میں ملوث تھا۔دونوں کئی ریاستوں میں سفر کر کے گرفتاری سے بچنے کی کوشش کرتے رہے۔

این سی بی نے طویل تعاقب کے بعد 25 اکتوبر کو گوا کے ایک ریزورٹ سے دانش چِکنا اور اس کی اہلیہ کو گرفتار کیا،ابتدائی تفتیش کے بعد دونوں کو باقاعدہ طور پر این ڈی پی ایس ایکٹ (NDPS Act) کے تحت گرفتار کرلیا گیا،این سی بی کے مطابق دانش چِکنا ایک عادی منشیات فروش ہے،اس کے خلاف این سی بی اور راجستھان پولیس تین مقدمات پہلے ہی درج کرچکی ہیں، جب کہ ممبئی پولیس کے ریکارڈ میں اس کے خلاف سات فوجداری مقدمات موجود ہیں۔

Shares: