اوچ شریف(باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) یومِ تکبیر 2025 کے موقع پر ڈیرہ نواب صاحب میں گورنمنٹ صادق عباس گریجویٹ کالج میں ایک پُرجوش ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب ڈائریکٹر کالجز ڈویژن بہاولپور، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز بہاولپور اور کالج کے پرنسپل پروفیسر شاہد حسین مغل کی خصوصی ہدایات پر منعقد ہوئی۔

ریلی میں طلباء، اساتذہ اور عملے کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ صدر شعبہ سرائیکی پروفیسر ڈاکٹر محمد الطاف ڈاھر جلالوی، جو اس موقع پر انچارج سیکیورٹی آفیسر و کنٹرولر امتحانات بھی تھے ، نے خطاب کرتے ہوئے کہا:

"آج کا دن یومِ تجدیدِ عہد ہے۔ نعرہ تکبیر، اللہ اکبر! پاکستان کا مطلب کیا؟ لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ.یہی ہمارے نظریے کی بنیاد ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اسلامی دنیا کا پہلا اور دنیا کا ساتواں ایٹمی ملک ہے، جو ہماری مسلح افواج اور قومی اتحاد کی بدولت ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اگر دشمن نے دوبارہ میلی آنکھ سے دیکھا تو ہم اس کی آنکھیں نکال دیں گے۔

ڈاکٹر الطاف نے آپریشن "بنیان مرصوص” کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا گیا اور پاکستانی قوم پاک فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔

تقریب میں پروفیسر احمد نواز بھٹو، محمد عمران ملک اور طلباء و طالبات نے وطن سے تجدیدِ عہد کیا اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ ریلی کا اختتام قومی ترانے اور افواج پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے ساتھ ہوا۔

Shares: