ڈیرہ غازی خان: ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کی طلبا سے ملاقات، لاہور زیادتی واقعہ بےنقاب
ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی،نیوزرپورٹرشاہدخان) حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد اور ڈی پی او سید علی نے پنجاب کالج کے طلبا و طالبات سے ملاقات کی، جس میں لاہور کے ایک نجی کالج میں طالبہ سے زیادتی کے مبینہ جھوٹے واقعے پر بات چیت کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے کہا کہ حکومت پنجاب اپنے طلبا و طالبات کی حفاظت کے لیے پُرعزم ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس واقعے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کرانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس واقعے کی من گھڑت کہانی نے سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلائیں، جس کی وجہ سے قانون و امن کی صورت حال متاثر ہوئی۔
ڈپٹی کمشنر نے طلبا و طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے آپ کو شرپسند عناصر سے بچائیں اور اپنی تعلیم پر توجہ دیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری بیٹیاں، بہنیں اور مائیں سب کی عزت مشترک ہے اور جو اس عزت کو اچھالے گا وہ کسی رعایت کا مستحق نہیں ہے ۔
ڈی پی او سید علی نے اس موقع پر یقین دلایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف طلبا و طالبات کی عزت و آبرو کے محافظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور خبر کی تصدیق کرنا ہمارے مذہب کی تعلیم ہے۔
طلبا و طالبات نے اس موقع پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے اس جھوٹے واقعے کو بےنقاب کرنے اور حقائق کو عوام کے سامنے لانے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے طلبا کو ہدایت کی کہ وہ ڈسٹرکٹ اور پولیس انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں رہیں اور سوشل میڈیا پر منفی مہم چلانے والوں کے خلاف عوامی آگاہی بڑھائیں۔