ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر جواد اکبر) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے تحصیل تونسہ شریف کا دورہ کیا، ان کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر و ڈی جی پی ایچ اے قدسیہ ناز، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ امیر مسلم، اسسٹنٹ کمشنر احمد ندیم اور دیگر افسران موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال تونسہ، کمال پارک، فیملی پارک، زیر تعمیر پیرا اسٹیشن، سنگھڑ پل اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔
ٹی ایچ کیو اسپتال تونسہ میں مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا گیا، جہاں ڈیوٹی روسٹر کے مطابق ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری چیک کی گئی۔ مریضوں کی عیادت کے دوران ادویات کی مفت فراہمی اور علاج کی سہولیات سے متعلق معلومات حاصل کی گئیں۔
ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں مٹیریل کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور عوامی مفاد کے کاموں میں کسی قسم کی تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ دورے کے دوران متعلقہ افسران نے منصوبوں پر پیشرفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی۔








