اوکاڑہ(نامہ نگار،ملک ظفر)اوکاڑہ اور فیصل آباد کے ڈپٹی کمشنرز نے دریائے راوی میں ماڑی پتن کے مقام پر سیلابی صورتحال کا مشترکہ جائزہ لیا۔ اس دورے کا مقصد دونوں اضلاع میں سیلاب متاثرین کے لیے ریلیف آپریشنز کو مزید مؤثر بنانا اور مشترکہ حکمت عملی کے تحت اقدامات کرنا ہے۔
محکمہ ایریگیشن کے افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دریائے راوی میں اس وقت پانی کا بہاؤ 2 لاکھ کیوسک ہے اور پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔ ریسکیو حکام نے سیلاب متاثرین کے انخلاء اور محفوظ مقامات پر منتقلی کے لیے جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید نے بتایا کہ ضلع اوکاڑہ میں تقریباً 80 ہزار ایکڑ رقبہ سیلاب سے متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلڈ ریلیف کیمپس میں متاثرین کو ہر ممکن سہولیات کے ساتھ تینوں اوقات میں معیاری کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے بتایا کہ فیصل آباد کی 9 یونین کونسلز کے 25 دیہات دریائے راوی میں سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں، اور شدید متاثرہ علاقوں کو خالی کرا لیا گیا ہے۔
دونوں ضلعی سربراہان نے سیلاب متاثرین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں اضلاع کی مشترکہ کاوشوں سے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی کارروائیوں میں بہتری آئے گی اور ضرورت کے وقت باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر اور پاک فوج کے افسران بھی موجود تھے۔








