اوچ شریف،باغی ٹی وی( نامہ نگار حبیب خان)ڈپٹی کمشنر بہاول پور ڈاکٹر فرحان فاروق نے احمد پور شرقیہ اور اوچ شریف کا دورہ کرتے ہوئے مختلف ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سہولیات کا معائنہ کیا۔
احمد پور شرقیہ میں انہوں نے عباسیہ چوک اور عثمان چوک سمیت مختلف مقامات پر تجاوزات کے خاتمے کے آپریشن اور صفائی کے کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ نکاسی آب اور صفائی کے کام معیاری اور بروقت مکمل کیے جائیں اور تجاوزات کا مستقل خاتمہ یقینی بنایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے لیڈیز پارک چوک منیر شہید میں شجرکاری مہم کا آغاز کرتے ہوئے پودا لگایا اور پارک میں صفائی کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ اس کے علاوہ، چاچا بستی چوک سے منیر شہید چوک تک دو رویہ سڑک کی مرمت کے جاری کاموں کا بھی جائزہ لیا۔
ڈاکٹر فرحان فاروق نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ کا دورہ کرتے ہوئے ایمرجنسی، آؤٹ ڈور اور وارڈز میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور ادویات کے سٹاک کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عملے کو ہدایت دی کہ مریضوں کو بہتر علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں اور صفائی کے معیار کو برقرار رکھا جائے۔
اوچ شریف میں انہوں نے دیہی مرکز صحت کی اپ گریڈیشن کے کاموں کا معائنہ کیا اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ لی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ، ایکسئین بلڈنگ اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بھی ان کے ہمراہ تھے۔