جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینئر رہنما حافظ حمد اللہ نے خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے حالیہ بیان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی مولانا فضل الرحمان پر تنقید دراصل سیاسی قد بڑھانے کی ناکام کوشش ہے۔ ان کا کہنا تھا، "کیا پدی اور کیا پدی کا شوربہ!”۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان جیسے قائد پر تنقید کرنا سورج کو چراغ دکھانے کے مترادف ہے، جس سے عوام کی نظر میں علی امین گنڈاپور کی حیثیت پر کوئی فرق نہیں پڑے گا،حافظ حمد اللہ نے مزید کہا کہ یہ سب جانتے ہیں کہ ڈی چوک سے کون غائب ہوا تھا۔ انہوں نے علی امین گنڈاپور کی جانب سے اسلام آباد کے آئی جی کو مورد الزام ٹھہرانے کے اقدام کو بھی بے بنیاد قرار دیا۔ حافظ حمد اللہ نے واضح کیا کہ وہ ایسے بیانات کا جواب دینا مناسب نہیں سمجھتے جو محض سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی نیت سے دیے جا رہے ہیں۔حافظ حمد اللہ کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب علی امین گنڈاپور نے مولانا فضل الرحمان اور جمعیت علمائے اسلام کی سیاست پر تنقید کی تھی۔ حافظ حمد اللہ نے علی امین گنڈاپور کے اس اقدام کو ایک ناکام کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے بیانات سے کسی کا قد بڑا نہیں ہوتا بلکہ ان کی اپنی پوزیشن مزید مشکوک ہو جاتی ہے۔

Shares: