ننکانہ صاحب(باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز)ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے مریم نواز ہیلتھ کلینک برالہ کا اچانک دورہ کیا تاکہ وہاں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور انتظامی امور کا براہِ راست معائنہ کیا جا سکے۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر روحیل اختر سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی حاضری، ادویات کے اسٹاک اور اسپتال میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے وارڈز میں زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان سے اسپتال کے عملے کے رویے اور مفت ادویات کی فراہمی سے متعلق دریافت کیا، جس پر مریضوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے کہا کہ حکومتِ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں شہریوں کو ان کی دہلیز پر بہترین اور مفت علاج معالجے کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلع کے تمام سرکاری اسپتالوں اور ہیلتھ کلینکس میں مفت ادویات کی فراہمی اور طبی عملے کی سو فیصد حاضری کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور شہریوں کی خدمت کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو صحت کے حوالے سے کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Shares: