بھارت کیخلاف میچ میں شکست، وزیراعظم، مریم نواز کی شاہینوں کی حوصلہ افزائی

لاہور:وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے میں بھارت کے خلاف شاندار کارکردگی پر قومی ٹیم کی تعریف کی ہے۔

بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دے دی، بھارت نے کوہلی اور پانڈیا کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 160 رنزکا ہدف آخری گیندپر حاصل کیا، کوہلی 82 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

 

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی اور کہا کہ شاندار کوشش ٹیم پاکستان، بہترین گیم۔ان کا کہنا تھاکہ آج کا میچ اچھا ہوا اور پاکستان نے جیت کے لیے اچھی کوشش کی ہے۔

میچ پر پیغام جاری کرتے ہوئے مریم نواز نے ٹوئٹ کیا کہ بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے ہارنے میں میں کوئی شرم کی بات نہیں، کوشش کرنا اہمیت رکھتا ہے اور ہم نے آج آپ کو کوشش کرتے دیکھا۔

اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے مزید لکھا کہ آج کا میچ بڑا سنسنی خیز تھا اور کچھ بھی ہوسکتا تھا، ٹیم پاکستان اگلے مقابلے کے لیے تیار رہو۔

یاد رہے کہ آج ٹی 20 ورلڈ کپ کے ہائی وولٹیج میچ میں بھارت نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹ سے شکست دے دی۔بڑے ایونٹ کے بڑے معرکے میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دیتے ہوئے خود فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

Comments are closed.